کاروار،4/مارچ (ایس او نیوز) رشوت خوری کے معاملے میں لوک آیوکتہ پولیس کے جال میں پھنسے ہوئے دو سرکاری افسران کو ضلع سیشنس کورٹ نے دو سال قید اور 15ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
ایک ملزم کا نام جتن ناتھ سنجیو شیٹی ہے جوکہ وہ دیوراج ارس بیک ورلڈ کلاس ڈیولپمنٹ کارپوریشن کا ضلع منیجر ہے۔ دوسرے ملزم کا نام راگھویندرا گجانن ہیگڈے ہے جو کہ ہوناور تعلقہ کے سالگوڈ گرام پنچایت کا ترقیاتی افسر ہے۔جگن ناتھ شیٹی پر الزام ہے کہ گنگا کلیان منصوبے کے تحت بورویل کھدائی کی درخواست دینے والے سے اس نے15ہزار روپے رشوت طلب کی تھی۔ جب14اکتوبر 2011ء کو شکایت کنندہ دنیش امبیگا سے رشوت کی پہلی قسط کے طور پر پانچ ہزار روپے وصول کررہا تھا تو لوک آیوکتہ پولیس نے رنگے ہاتھوں اسے گرفتار کرلیا تھا۔
دوسرے معاملے میں سالکوڈگرام پنچایت ڈیولپمنٹ آفیسرراگھویندرا نے نارائن نائک کے گھر کی مرمت کے لئے 30 ہزار روپے کا چیک منظور کرنے کے لئے %5 کمیشن طلب کیا تھا۔19مئی 2011ء کو جب شکایت کنندہ سے ملزم راگھویندرا رشوت کی رقم 1500روپے وصول کررہا تھا تو لوک آیوکتہ پولیس نے جال بچھاکر اسے پکڑ لیا تھا۔ان دونوں معاملات کی تحقیقات کاروار لوک آیوکتہ پولیس کے انسپکٹربی اے برادرنے کی تھی اور چارج شیٹ عدالت میں داخل کر دی تھی۔عدالت میں ان معاملات کے سماعت کے جرم ثابت ہونے پر دونوں ملزمین کو سزاسنائی گئی۔ لوک آیوکتہ خصوصی وکیل شری کانت ایس ہیگڈے نے سرکار کی طرف سے عدالت میں پیروی کی۔